سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک بار پھر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے 4 کشمریوں کو اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کر دیا بعدازاں احتجاج کرنے والے متعدد افراد پیلٹ گنز سے زخمی بھی کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے ترال کے علاقے میں سرچ آپریشن کر کے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور کام سے گھر لوٹنے والے نوجوانوں کو تلاشی کے بہانے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ 4 نوجوانوں کی شہادت کے اندوہناک واقعے پر علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں عوام بھارتی مظالم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے جن پر بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ، لاٹھی چارج، اور پیلٹ گنز کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔
نوجوانوں کی شہادت اور مظاہروں کے بعد کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔