اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کے حوالے سے دو ہزار اٹھارہ گزشتہ دہائی کا بدترین سال تھا، مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے پاکستان اور کشمیر میں جامعات میں طلبہ کو متحرک کرنا ہوگا۔
حریت رہنما یاسین ملک کی کی اہلیہ مشعل ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ نذیر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تربیت کی جائے، عالمی برادری کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے ارکان پارلیمنٹ کا مکمل آگاہ ہونا ضروری ہے۔
لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کو دس سال کشمیر کمیٹی کا سربراہ بنا کر مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچایا گیا، اس سے مسئلہ کشمیر منظر عام سے ہٹ گیا ہے، انسانی حقوق کی وزیر مسئلہ کشمیر پر بات نہ کریں۔
اس موقع پر مشعل ملک نے کہا کہ ہماری توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو کسی طرح کشمیر کا دورہ کرایا جائے۔ ہندوستان اب حواس کھو چکا ہے، اللہ کرے کہ اگلے سال کشمیریوں کو آزادی نصیب ہو اور کشمیریوں کی مشکلات کم ہوں۔