اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی سے اس قدر خوفزدہ ہو گیا ہے کہ عوام پر اپنی پسند کے رنگ کا کپڑا خریدنے پر بھی پابندی لگا دی۔ مقبوضہ کشمیر کے تاجر وں کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ گہرے سبز رنگ کا کپڑا فروخت کرنے کی صورت میں مقدمات کیلئے تیار رہیں۔
جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر کے زیر اہتمام کشمیر ای میل کانفرنس کے موقع پر آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ 7 لاکھ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے لین پھر بھی بھارتی اتنے خوفزدہ ہیں کہ گہرے سبز رنگ کے کپڑے سے بھی ڈرتے ہیں۔
بھارتی حکومت کی بے جا پابندیوں کے باوجود آج بھی جب کشمیر میں کوئی مسلمان شہید ہوتا ہے تو نہ صرف پاکستانی پرچم لہرایا جاتا ہے بلکہ پاکستان سے محبت کے اظہار کیلئے شہید کے جسد خاکی کو سبز ہلالی پرچم میں دفنایا جاتا ہے۔
گہرے سبز رنگ کا کپڑا طویل عرصے سے مسلمان مذہبی رنگ کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور اب یہ پاکستانی پرچم کی پہچان بن گیا ہے جس کے باعث بھارتی حکومت نے سطحی اقدام اٹھاتے ہوئے اس رنگ پر ہی پابندی لگا دی ہے۔