’آرمی چیف کی وجہ سے امداد مل رہی ہے، عمران خان کا کوئی کمال نہیں‘

Last Updated On 14 January,2019 08:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو جو امداد مل رہی ہے اس میں وزیراعظم یا حکومت کا کوئی کمال نہیں ہے، امداد ملنے میں سارا کردار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہے، اس بارے میں کسی کوغلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مہمند ڈیم بہت اہمیت کا حامل ہے، اس حوالے سے بے شمار بحث ہو چکی ہے، آبی ذخائر بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اس کے لیے ہماری حکومت نے دو ارب مختص کیے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت میں غریب آدمی کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، مہنگی بجلی بنائی جا رہی ہے، ادویات میں پندرہ فیصد اضافہ ہوا اور سرکلر ڈیٹ دوبارہ اژدھا بن کر سامنے آ رہا ہے۔ پورے ملک میں مہنگائی کی شدید لہر ہے اور بجلی بحران دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم پیپرا رولز کیخلاف نہیں اور خوش آئند بات ہے لیکن کون سی قیامت آ گئی تھی کہ ایک بڈ پر ٹھیکہ دے دیا گیا، دوسری کمپنی کو ٹیکنکل گراؤنڈ پر منصوبہ نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کا بڈنگ کا پراسس ہماری حکومت میں شروع ہوا، اس کا کنٹریکٹ دینے کی ذمہ داری ہماری نہیں تحریک انصاف کی ہے۔ پیپرا رولز کی نفی قوم کیساتھ بہت بڑا دھوکہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ مفادات کا ٹکراؤ ہے، حکومت شفافیت اور میرٹ کا دن رات ڈھنڈورا پیٹتی ہے۔ ہمارا عبدالرزاق داؤد سے کوئی گلا نہیں، وہ اچھے انسان ہیں، بات اس وقت پاکستان کی ایک ایک پائی کی ہے، وہ حکومتی مشیر اور اپنے بیٹے کی کمپنی کے شیئر ہولڈر ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سعودی عرب، یواے ای اور چین کی مہربانی مشکل وقت میں ساتھ دیا، اس میں حکومت یا عمران خان کا کوئی کمال نہیں، سپہ سالار کی وجہ سے پاکستان کی مدد کی جا رہی ہے، کسی کوغلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔