اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی نظریاتی کونسل نے قرار دیا ہے کہ حکومت انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی سبسڈی دے سکتی ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اجلاس میں ریاستِ مدینہ کے حتمی خدوخال کے لئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
یہ کمیٹی ڈاکٹر فرخندہ ضیا، علامہ عارف واحدی، خورشید ندیم اور ڈاکٹر انور پر مشتمل ہو گی۔ کمیٹی ڈرافٹ تیار کر کے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوائے گی۔ کمیٹی کی سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے حج سبسڈی جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی سبسڈی دے سکتی ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کا اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہم نے حج پر سبسڈی کے حوالے سے سفارش کی ہے، شرعی حوالے سے سبسڈی دی جا سکتی ہے۔ سب کو ایک جیسی دینی چاہیے، حکومت جس طرح غریب اسی طرح امیروں کو بھی سہولت فراہم کر سکتی ہے۔
قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ حج کے سفر کیلئے جہاز کی ٹکٹ اور کھانے پینے کی اشیا پر حکومت سہولت دے سکتی ہے۔