لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف سے ملنے کیلئے والدہ اور مریم نواز کوٹ لکھپت جیل پہنچیں، شاہد خاقان عباسی، ایازصادق، خواجہ آصف اور دیگر لگی رہنماوں نے بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔
نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقاتیوں کا تانتا بندھا رہا۔ سابق صدر ممنون حسین، سابق سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق اور شاہد خاقان عباسی جیل پہنچے، مریم نواز، بیگم شمیم، جنید صفدر اور دیگر اہلخانہ نے نواز شریف سے ملاقات کی۔ مریم نوازاپنے والد کی پسند کا کھانا ساتھ لائیں، نواز شریف کیلئے شوگر فری گاجر کا حلوہ خصوصی طور پر لایا گیا، کھانے میں ماش کی دال اور پودینے کی چٹنی بھی تھی۔
خواجہ آصف، مشاہد حسین سید، احسن اقبال، سائرہ افضل تارڑ اور عظمیٰ بخاری سمیت دیگر رہنما بھی نواز شریف سے ملاقات کیلئے پہنچے۔ لیگی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے حالات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، معیشت کی ابتر حالت کے بارے سن کر دل دکھتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے ساتھ ہی ساتھ کارکنوں کو ثابت قدم رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اچھا وقت جلد آئے گا۔ کوٹ لکھپت جیل کے باہر اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔