اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) الیکشن کمیشن نے این اے 71 گجرات سے ن لیگ کے منتخب ایم این اے چودھری عابد رضا کی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کے خلاف درخواست خارج کردی۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ اگر دوبارہ جرمانے کا نوٹس دہرایا جائے تو رکن اسمبلی نااہل ہوسکتا ہے، ممبر کے پی اسمبلی مسز ارشاد قیصر نے کہا کہ جون اور جولائی میں آپ کے خلاف 31 ایف آئی آر درج ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم مانیٹرنگ افسر کو بھی طلب کرکے تحریری جواب طلب کرسکتے ہیں، شیڈول فور کی بات سامنے آگئی، دو، دوبار خلاف ورزی کی گئی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں شیڈول فور کے جتنے مقدمات تھے خارج ہوگئے۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد سناتے ہوئے عابد رضا کی درخواست خارج کردی۔
واضح رہے کہ جنرل الیکشن 2018 کے موقع پر این اے 71 گجرات سے ن لیگ کے چودھری عابد رضا کوٹلہ 88588 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار محمد الیاس چودھری 81538 ووٹ حاصل کرسکے جبکہ ٹی ایل پی کے نعیم احمد 29527 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔