لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جے آئی ٹی نے پنجاب پولیس سے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کر لیا، جے آئی ٹی کے سربراہ نے سی سی پی او لاہور کو ریکارڈ کی طلبی کے لیے مراسلہ بھیج دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حصہ لینے والے تمام افسران کی لسٹ جے آئی ٹی کو فراہم کی جائے، ماڈل ٹاؤن آپریشن کے بعد ہونے والی گرفتاریوں سے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں، منہاج القرآن سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی تفصیلات دی جائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آفیسرز کے ساتھ گن مین اور انکے پاس اسلحے کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایچ اوز اور گن مین کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
سی سی پی او لاہور کو بھجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آپریشن میں حصہ لینے والے ایلیٹ کے افسران اور کانسٹیبلز کی لسٹیں فراہم کی جائیں، ماڈل ٹاؤن آپریشن میں حصہ لینے والی پولیس کی گاڑیاں اور ایمبولینس سمیت دیگر تمام ٹیکنیکل سٹاف کی فہرست دی جائے، آپریشن میں پولیس کی گاڑیوں کو ہونے والے نقصان سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں، سانحہ ماڈل میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لسٹیں دی جائیں، آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹی روسٹر کی مصدقہ کاپیاں فراہم کی جائیں۔