اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیمیں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بیانات ریکارڈ کریں گی۔ چیئرمین جاوید اقبال نے ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر من وعن عمل کرنے اور تمام توانائیاں استعمال کی جائیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چئیرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ایک اہم ترین اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پراسیکوٹر جنرل نیب، ڈی جی آپریشنز، ڈی جی نیب راولپنڈی اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی ابتدائی رپورٹ اور مختلف مقدمات میں پیشرفت کا تجزیہ کیا گیا۔ اجلاس میں مکمل لائحہ عمل ترتیب دیا گیا جس کے تحت مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ان میں سے کچھ ٹیمیں نیب ہیڈ کوارٹرز اور کچھ کراچی جا کر ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بیانات ریکارڈ کریں گی۔ اجلاس میں معزز سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں بینکنگ کورٹ سے 16 اے کے تحت مقدمہ احتساب عدالت کو منتقل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں چئیرمین نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر من وعن عمل کرنے اور تمام توانائیاں استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اس موقع پر کہا کہ نیب قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔