اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نےکہا ہے کہ سول بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچانا ان کا مشن ہے، نظام میں بہتری کےخواہش مند ہیں، پوری کوشش ہے کہ ہر تقرری صرف میرٹ پر کی جائے، سرکاری ملازمین کو بے جا تنگ کرنے سے کام رک جاتا ہے۔
وزیراعظم نے ٹاسک فورس برائے سول سروس اصلاحات کے اجلاس میں کہا 1960 اور 70 کی دہائی میں پاکستان کی سول سروس خطے میں بہترین تھی، بدقسمتی سے سیاسی مداخلت سے سول سروس کا زوال شروع ہوا، مشن ہے کہ بیوروکریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے، یہ کام کرنے کے لئے سیاستدانوں کی تربیت بھی ضروری ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا حکومت نیک نیتی کے ساتھ اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آئی، خیبرپختونخوا میں سروس کےانتظامی ڈھانچےمیں تبدیلیاں کیں، مختلف اداروں کے بورڈز میں اچھی شہرت اور اہل افراد شامل کئے جا رہے ہیں، یہ سپیشلائزیشن کا دور ہے، ہر شعبے میں ماہر افراد ہی کام کرسکتے ہیں، تمام ترقی یافتہ ممالک میں ماہر افراد کی میرٹ پر بھرتی ایک قدر مشترک ہے۔