وزیراعظم نے بلوکی میں10 ارب پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا

Last Updated On 09 February,2019 05:14 pm

پھولنگر: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے آج بلوکی میں دس ارب پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے ''یوم پاکستان کے لئے شجرکاری''مہم کے موقع پر بلوکی کے ایک جنگل میں پودا لگایا۔

ننکانہ کے ڈپٹی کمشنر راجہ منصوراحمد نے اے پی پی کو بتایا کہ شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر عمران خان کے ہمراہ سکول کے ڈھائی ہزاربچوں نے دس ہزارپودے لگائے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے پچیس سو ایکڑ سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگل کے لئے پندرہ سو ایکڑاراضی تیار کی جائے گی جبکہ واگزارکرائی گئی باقی ایک ہزارایکڑاراضی جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے مختص کی جائے گی۔

ادھر دس ارب پودے لگانے کی مہم کے آغاز پر اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت مافیا کے زیرقبضہ زمین واگزارکرا رہی ہے اور اسے جنگلات اور جنگلی حیات کے پارکوں میں تبدیل کیاجارہا ہے جس کا مقصد مستقبل کی نسلوں کیلئے موسمیاتی تبدیلی اور آلودگی سے نمٹنا ہے ۔

 

آج تیسرے پہر بلوکی میں پودے لگانے کی مہم کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم قبضہ مافیا سے زمین واگزارکرانے اور انھیں جنگلات میں تبدیل کرنے کے بعد پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کا آغاز کریںگے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جنگلات کی شدید کمی ہے اور جنگلات کے رقبے کے حوالے سے پاکستان کا دنیا میں آٹھواں نمبر ہے انہوں نے کہاکہ حکومت جنگلات کا رقبہ بڑھانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔

انہوں نے چھانگا مانگا میاں چنوں اور کندیاں میں قبضہ مافیا کی طرف سے جنگلات ختم کئے جانے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے یہ اراضی واگزارکرانے اور اسے دوبارہ جنگلات میں تبدیل کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آلودگی میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اگر آلودگی کے خاتمے کیلئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے توہماری آئندہ نسلوں کوآلودگی بڑھنے کے باعث بے پناہ مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعظم نے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ شجری کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اس میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں تاکہ سرسبز اورآلودگی سے پاک پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔