اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں مذاکرات کا آغاز 17 فروری سے ہوگا۔ پاکستان کالعدم تنظیموں کے خلاف اقدامات اور جعلی بینک اکائونٹس میں اب تک ہونے والی کارروائی کے حوالے سے بریفنگ دے گا۔
پاکستان اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے درمیان پیرس مذاکرات 22 فروری تک جاری رہیں گے، وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خزانہ عارف خان پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے۔
پاکستان ایف اے ٹی ایف کو ایشیا پیسفک گروپ سے بات چیت پر بریفنگ دے گا، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا، جعلی بینک اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
پاکستانی وفد مشکوک ٹرانزیکشن کے خلاف اقدامات پر عالمی ایجنسی کو اعتماد میں لے گا جبکہ کالعدم تنظمیوں کے اکاؤنٹس اور اثاثے منجمند کیے جانے کے حوالے سے نئی پابندیوں سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔