پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع میں عدالتوں کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا، ابتدائی طور پر سول اور سیشن کورٹ قائم کی جائیں گی۔
تحریک انصاف کی حکومت نے بالاخر قبائلی اضلاع میں انصاف کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا۔ صوبے میں شامل قبائلی اضلاع میں عدالتوں کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔
ضلع خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کرم، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے عوام کو اب انصاف ان کے اپنے علاقے میں مل سکے گا۔ ابتدائی طور پر سول اور سیشن کورٹ کے لئے آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔ وزیر اطلاعات اجمل وزیر کے مطابق ان علاقوں میں ترقی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
عرصہ دارز سے ایف سی آر جیسے کالے قانون میں پھنسے قبائلی عوام کے لئے ان اضلاع میں عدالتوں کا قیام انتہائی خوش آئند ہے۔ قبائلی اضلاع میں سات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز جبکہ 14 ایڈیشنل ڈسٹرک سیشن ججز تعینات کیے جائیں گے۔ قبائلی علاقوں میں عدالتوں کے قیام سے عوام کو سستا اور فوری انصاف ان کی دہلیز پر میسر ہوگا۔