اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) اسلام آباد ہائی کورٹ نے فورتھ شیڈول میں شامل ممبر کے پی اسمبلی شاہ محمد کی نااہلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ایم پی اے شاہ محمد کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دئیے کہ الیکشن کمیشن نے شاہ محمد کو فورتھ شیڈول میں نام شامل ہونے پر نااہل کیا گیا، نامزدگی فارم جمع کرنے سے قبل ڈی پی او نے کلیئرنس سرٹیفیکیٹ دیا، الیکشن کمیشن فورتھ شیڈول میں شامل ممبر کو نااہل قرار نہیں دے سکتا۔ جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالت قانونی پہلو کا جائزہ لے گی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے کو فورتھ شیڈول میں شامل ہونے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ کے پی اسمبلی کے حلقے پی کے 89 سے الیکشن جیتے تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر انتخاب لڑا اور 11644 ووٹ لے کر ممبر اسمبلی منتخب ہوئے۔ جبکہ آزاد امیدوار صاحب زمان 10349 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔