لاہور: (دنیا نیوز) کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بخار ہوگیا، جیل میں ادویات کی فراہمی جاری ہے، مریم نواز نے اپنے والد کی صحت اور مناسب سہولیات نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں امر مقام، سینیٹر پرویز رشید، طلال چوہدری اور دیگر رہنما جیل پہنچے، لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف پوری طرح پر عزم ہیں اور ملک کی بگڑتی معاشی حالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں، میاں نواز شریف کی صحت پر حکومت ڈیل اور این آر او کے نام پر بلیک میل کرنا چاہتی ہے۔
سینیٹر مشاہد اللہ بھی ملاقا ت کے لیے پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں جبکہ پرویز رشید کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے علاج کے لیے رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ مریم نواز اپنے والد کے لیے دوپہر کے کھانے جس میں ماش کی دال، پودینے کی چٹنی اور شوگر فری حلوہ لیکر جیل پہنچی۔