اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چین کے ارضیاتی تحقیقاتی جہاز (سی جی ایس) ہائی یانگ ڈی شو ہاؤ نے پاکستان کی ارضیاتی نقشہ کشی اور ہائیڈروکاربن کی دریافت کے سلسلے میں پاکستان بحریہ کی زیر نگرانی کراچی کا دورہ کیا۔ چین کے ارضیاتی تحقیقاتی جہاز کی اس مہم کا دورانیہ دسمبر 18سے فروری 19 تک رہا۔
چین کے ارضیاتی تحقیقاتی جہاز کے دورے کا فیصلہ گزشتہ برس چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی چین کے ارضیاتی سروے کے نائب وزیر ڈاکٹر زونگ زیران سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔
مہم کے دوران چین کے ارضیاتی تحقیقاتی جہاز نے پاکستان کی سمندری حدود میں مختلف ارضیاتی تبدیلیوں پر تحقیق کا آغاز کیا۔ چینی سائنسدانوں کے ساتھ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشنوگرافی اور پاکستان بحریہ کے ماہرین نے بھی حصہ لیا۔ حاصل شدہ معلومات پر دونوں ممالک کے سائنسدان مشترکہ تحقیقات کریں گے۔
یہ مہم ارضیاتی نقشہ کشی اور سمندر میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر تحقیق کے حوالے سے پاکستان اور چین کے مابین بڑھتے ہوئے اشتراک کا مظہر ہے۔
بحری تحقیق کے میدان میں یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ مستقبل قریب میں چین کے ارضیاتی تحقیقاتی جہاز کی مزید تحقیقی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ مہم ہماری سمندری حدود میں وسائل کے حصول میں مددگار ثابت ہو گی۔