مردان: (دنیا نیوز) جے یو آئی آج مردان میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، مولانا فضل الرحمان 2 بجے خطاب کریں گے، جلسے کیلئے پنڈال تیارکر لیا گیا ہے۔
جے یو آئی آج مردان میں میدان لگائے گی، تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ کے لئے ایک ماہ سے تیاریاں جاری تھیں۔ جلسے کے منتظمین کا دعویٰ ہے کہ ملین مارچ میں لاکھوں افراد شریک ہوں گے، اب تک کے اندازے کے مطابق پنڈال میں 6 ہزار کرسیاں رکھ دی گئیں۔ ملین مارچ کی سیکورٹی کے لئے 1400پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق اوردیگر قائدین بھی خطاب کریں گے۔ شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے متبادل روٹ قائم کر دیے گئے ہیں۔ قائدین کے خطاب کے لئے 60 فٹ لمبا اور 80 فٹ چوڑا سٹیج تیار کر لیا گیا جس پر قائدین کی تصاویر پر مبنی بڑے بڑے فینا فلکس، ہولڈنگ بورڈ اور بینرز آویزاں کر لئے گئے ہیں.