سعودی شہزادے نے ایک پاکستانی کے نام پر اسپتال کا حکم کیوں دیا؟

Last Updated On 18 February,2019 07:38 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سعوی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےخیبر پختونخوا میں ’فرمان علی خان شہید‘ کے نام پر اسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد نے پاکستانی عوام کے لیے ایک اور تحفہ کا اعلان کردیا، عرب نیوز کا کہنا ہے کہ سعودی عرب خیبر پختونخوامیں ہیلتھ سینٹرقائم کرےگا، ہیلتھ سینٹرپاکستانی ہیروفرمان علی خان کےنام سےمنسوب کیا جائے گا، ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں آگاہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ فرمان علی خان نے 2009 میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں سیلاب کے دوران 14 افراد کی جان بچائی اور خود شہید ہوگئے تھے۔

خیال رہے سعودی عرب کی جانب پاکستان میں 21 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، حکومت کی جانب سے جاری انوسٹمنٹ پلان کے مطابق سرمایہ کاری کے تین مراحل میں قلیل، وسط اور طویل المدتی منصوبے شامل ہیںاس سے قبل سعودی ولی عہد نےوزیراعظم عمران خان کی درخواست پر 2107 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کااعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانہ ہو گئے۔روانگی سے قبل نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کے شاندار مستقبل پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پڑوس میں دو بڑی معیشت ہیں، ایک طرف چین اور ایک طرف بھارت ہے، اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان ان دونوں ہمسایوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اہلیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آئندہ سالوں میں بڑی معیشت بن کر ابھرے گا اور 2030 تک بڑی معیشت ہو گا۔شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں جو معاہدے ہوئے ہیں وہ صرف شروعات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات بہت آگے جائیں گے۔


اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کرنے پر پوری قوم کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی پر شہزادہ محمد بن سلمان کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید زیادہ تر لوگ مزدور تھے۔


انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان نے ان لوگوں کو نوکریاں نہیں دیں جس کی وجہ سے وہ لوگ سعودی عرب گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنا فون دیکھا تو مجھے لگا کہ آپ اتنے مشہور ہیں کہ اگر الیکشن لڑے تو مجھ سے زیادہ ووٹ لیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا خود کو پاکستان کا سفیر کہنا اعزاز کی بات ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔