پلواما ڈرامہ، پاکستان پر الزام تراشی بھارت کا پرانا وطیرہ

Last Updated On 18 February,2019 04:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت کا پلواما ڈرامہ، مودی سرکار نے بغیر سوچے سمجھے الزام پاکستان پر دھر دیا۔ بھارتی انتہاپسندوں نے کشمیری طلباء کا جینا محال کر دیا۔ بھارتی فوجی کمانڈر نے امریکی اخبار کو بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں بارودی مواد سرحد پارسے لانا ممکن نہیں۔ ادھر سکھ کمیونٹی کشمیریوں کےساتھ کھڑی ہوگئی۔

پاکستان پر الزام تراشی، بھارت کا پرانا وطیرہ ہے۔ پلواما حملے کا الزام بھی مودی سرکار نے پاکستان پر دھر دیا ہے۔ بھارتی الزام پر خود ان کی فوج حیرت زدہ ہے۔ بھارتی فوجی کمانڈر لیفٹینٹ جنرل ڈی ایس ہودا نے امریکی اخبار کو بتایا کہ یہ ممکن نہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں بارودی مواد سرحد پار سے آیا ہو۔

گلوبل پالیسی نامی تحقیقاتی ادارے نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ پلواما واقعے کو مودی اور بی جے پی اپنے سیاسی ایجنڈے کو پروان چڑھانے اور انتخابی فائدہ اٹھانے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔

ادھر پلواما حملےکےبعد بھارتی انتہاپسندوں نے ڈہراڈوں میں کشمیری طلباء کا جینا محال کر دیا۔ 200 کے قریب طلباء کو ان کے فلیٹس سے زبردستی نکال دیا گیا جس کےبعد انہوں نے یونیورسٹی ہوسٹل میں پناہ لی۔ بھارتی انتہا پسندوں نے یونیورسٹی ہوسٹل کو بھی گھیرے میں لیے رکھا اور پتھراؤ کیا۔ طلباء نے کمروں میں چھپ کر جانیں بچائیں۔

بھارتی پنجاب میں سکھ کمیونٹی کشمیری مسلمانوں کی مدد کے لیے میدان میں آگئی، انہوں نے بھارتی انتہاپسندوں کی غنڈہ گردی پر شدید غصے کا اظہار کیا۔