لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کے خلاف اپوزیشن کا محاذ گرم ہونے لگا۔ سابق صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے ایک دن میں دو ملاقاتیں کر لیں۔ اپریل میں حکومت کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلے گی۔
آغا سراج درانی کی گرفتاری کے بعد مفاہمت کے بادشاہ کے تیور بدل گئے۔ آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ایک دن میں دو بار بیٹھک لگا لی۔
کہتے ہیں بہت ڈھیل دے دی، اب حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلے گی۔ اپریل کے پہلے ہفتے سے دما دم مست قلندر شروع ہو جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن معرکے کے لیے اپوزیشن کی دوسری جماعتوں کو بھی ساتھ ملایا جا ئے گا، مولانا فضل الرحمان کو مسلم لیگ نون کی قیادت سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا گیا۔
آصف زرداری اے این پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں احتجاجی تحریک کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی سٹیرنگ کمیٹی بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، کمیٹی احتجاج کے حوالے سے پروگرام ترتیب دے گی۔