بھارت پانی بند کر کے بڑی غلطی کرے گا، وزیر خارجہ

Last Updated On 21 February,2019 10:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیوں کا ورلڈ بینک کو نوٹس لینا چاہیے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے پانی روکنے کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔ اقوام متحدہ کو لکھے گئے خط میں پانی کا حوالہ بھی دیا تھا۔ ورلڈ بینک اس حوالے سے معاہدے کا گارنٹڈ ہے۔ پانی بند کرنے کی دھمکیوں کا ورلڈ بینک کو نوٹس لینا چاہیے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی افواج کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔ نریندر مودی کے بیان کے بعد ہم نے غور کیا اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کو بھی خط لکھا۔ مسلح افواج کے سربراہان تمام عوامل سے واقف ہیں۔ آج وزیراعظم نے نیوی، فضایئہ اور آرمی کو جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے۔ اگر بھارت ہماری معقول تجاویز کے بعد کوئی حرکت کرے گا تو جواب دیں گے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان نے ایک دوسرے کیساتھ تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ ایران واقعے کی مذمت کی ہے۔ اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔