پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دس سالہ ترقیاتی پلان قبائل کی تقدیر بدل دے گا، جنوبی وزیرستان کے دوبارہ دورے کے موقع پر تھری جی اور فوری جی سروس سمیت دیگر اہم اعلانات کروں گا۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں قبائلی اضلاع سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بہت جلد دوبارہ وزیرستان کے دورے میں تھری جی اور فور جی نیٹ سمیت اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں ایڈوائزری کمیٹی سے ملاقات کی جائے گی۔ ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کا پلان وضع کر دیا گیا ہے جو معاشی ترقی، روزگار، تعمیرنو، آبادکاری سمیت مشکلات کا دیر پا حل دے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاق کی طرف سے ملنے والے وسائل نئے اضلاع کے عوام پر ہی خرچ کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے اضلاع کیلئے ترقی کا بہترین ماڈل لائیں گے، 10سالہ ترقیاتی پلان قبائل کی تقدیر بدل دیگا۔