آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، اسد عمر

Last Updated On 13 March,2019 08:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ آئی ایم ایف ڈالر کا ریٹ بڑھانا چاہتا ہے لیکن حکومت کا ایسا اقدامات نہیں کرے گی۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے قومی اسمبل کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ اختلافات کم ہو چکے ہیں اور اس کے ساتھ معاہدے کے قریب آ چکے ہیں۔ آئی ایم ایف کی سفارشات ہیں کہ بجلی اور گیس کے نقصانات کم کیے جائیں۔ اسد عمر نے واضح کیا کہ ڈالر کی قیمت بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، معیشت مستحکم دکھائی دے رہی ہے۔

اسد عمر نے کمیٹی کو بتایا کہ ایف اے ٹی ایف نے کچھ ٹارگٹ دیے ہیں۔ اس کی سفارش پر کالعدم تنظیموں کو میڈیم رسک سے ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف لابنگ کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے بتایا کہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کرنا چاہتا ہے۔ بھارت پاکستان سے متعلق اپنی الگ رپورٹ پیش کرنا چاہتا ہے، یہ کسی صورت نہیں ہو سکتا۔ بھارت پاکستان کو اقتصادی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر اگلے تین ماہ میں مکمل عمل درآمد کرنا ہے۔ منی لانڈرنگ پاکستان کے لیے بڑا مسئلہ ہے، اسے روکنے کے لیے قوانین پارلیمنٹ پیش کیے جائیں گے۔ گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے ابھی بہت کام کرنا ہے۔ پاکستان کے تمام ادارے گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے پرعزم ہیں۔

 

Advertisement