بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ خطے کے امن واستحکام کے لیے ہم نے مل کر چلنا ہے۔ دشمن ایک وار کر چکا، اب بھی تعاقب میں ہے۔
بیجنگ سے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین دو روزہ دورے پر آیا ہوں۔ نائب صدر اور چینی ہم منصب سے ملاقات ہو گی۔ چین کیساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ اپریل میں وزیراعظم عمران خان بھی چین تشریف لائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہم نے ایکشن لیے، اس پر قومی اتفاق رائے دسمبر میں ہو چکا تھا، نیشنل ایکشن پلان پر تمام لیڈروں کے دستخط ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے پاکستان کی ضروریات کے مطابق آگے بڑھنا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے سیاسی پہلوؤں پر پیشرفت نہیں ہو سکی جیسے ہونی چاہیے تھی، ہمیں کئی چیلنج درپیش تھے، اب پیشرفت کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی اجازت سے تمام پارلیمانی لیڈروں کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔ 28 مارچ کو پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بلایا ہے، توقع ہے شہباز شریف اور آصف زرداری شرکت کریں گے۔