لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ ان کیخلاف نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 39 گواہان کی فہرست تیار کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں 39 گواہوں کی فہرست احتساب عدالت جمع کروا دی ہے جس کے مطابق وزارت خارجہ، ایس ای سی پی، ایف بی آر، کمشنر، پٹواری، کنٹونمنٹ ملازمین، بینکنگ ماہرین اور بیوروکریٹس فواد حسن فواد کے خلاف گواہ ہونگے۔
نیب کی فہرست کے مطابق وزرات خارجہ کے چیف اکاؤنٹنٹ سید امجد شاہ اور سٹیبلشمنٹ سیکشن کے زرناب گل بھی گواہی دیں گے جبکہ دیگر گواہوں میں ایڈیشنل جوائنٹ رجسٹرار کاشف محمود اور رضوان سعید شامل ہیں۔
ان کے علاوہ ڈائریکٹر فنانس سول سروسز اکیڈمی محمد اخلاق، سینئر آڈیٹر اے جی پنجاب ارشد علی بھی نیب کے گواہ ہونگے۔ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں ٹرائل کا باقاعدہ آغاز 2 اپریل سے ہوگا جبکہ فواد حسن فواد کیخلاف 22 اپریل 2017ء کو روالپنڈی نیب کو شہری خرم قریشی نے درخواست دی تھی جس پر نیب نے تحقیقات شروع کی تھی۔