اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان نے ملائیشیا کے ساتھ 5 بڑے منصوبوں کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے ہیں، ملائیشیا نے جے ایف 17 طیاروں کی خریداری میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم کے علاوہ وفاقی وزرا اسدعمر، فوادچودھری، خسروبختیار، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، زلفی بخاری اور ہارون شریف بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیرخانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کیساتھ 5 بڑے منصوبوں کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے، دوست ملک نے جے ایف 17 طیاروں کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی اور ملائیشیا میں ہونے والی دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملائیشیا کو میزائل برآمد کرنے کے معاہدے پر جلد عمل کیا جائے گا۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ ملائیشیا پاکستان سے گوشت اورچاول خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین بینکوں کی شاخیں کھولنے پر بھی اتفاق ہوا، سیاحت کے شعبے میں ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔