نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمنٹ کو بریفنگ دینے پر رضامند ہیں: شاہ محمود

Last Updated On 24 March,2019 08:09 pm

ملتان: (دنیا نیوز) حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ سے متعلق اپوزیشن کا مطالبہ تسلیم کر لیا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پورے ایوان کو بریفنگ دینے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن رہنماوں کے پاس جانے کو بھی تیار ہیں، بلاول تحریری طور پر بتائیں وہ کیا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو کے بیان پر آصف علی زرداری اور شہباز شریف سے بات کی، آصف علی زرداری اور شہباز شریف کو نیشنل سیکیورٹی پر مل بیٹھنے کیلئے خط لکھا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اوآئی سی کے ہنگامی اجلاس میں نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ سے ملاقات ہوئی، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے اقدامات پر وزیرخارجہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ چین کی طرف سے واضح موقف ہے، چین کل بھی پاکستان کیساتھ تھا آج بھی ہے۔