راولپنڈی: (دنیا نیوز) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کیلئے پوری فضائیہ حرکت میں تھی، جے ایف 17 تھنڈر نے انڈین طیارے کو گرایا، ایکشن کی فوٹیج موجود ہے، ایف 16 کا معاملہ امریکا کے ساتھ مل کر دیکھیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے روسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا بھارتی طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، بھارتی طیاروں نے 26 فروری کو پے لوڈ پھینکے، مقبوضہ کشمیر میں فضائی حدود کے اندر 4 اہداف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا پاکستان نے عام آبادی کو نشانہ بنائے بغیر جوابی کارروائی کی، بتانا چاہتے تھے بھارتی اہداف نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایسی جگہ کا انتخاب کیا جہاں انفرا اسٹرکچر اور آبادی نہیں تھی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت روایتی جنگ کے امکان کو روکنے کا کام کرتی ہے، پاکستان کے ہاتھ باندھ کر بھارت کو کھلا نہیں چھوڑا جاسکتا، دونوں ممالک کو یکساں طور پر دیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر بھارت بھی اقدامات کرے، کوئی ذمہ دار ملک جوہری ہتھیار کے استعمال کی بات نہیں کرسکتا، پاکستان کے ایٹمی ہتھیار خطے میں دفاعی توازن کیلئے ہیں، پاک بھارت کشیدگی میں تیسرے فریق کی ثالثی کا خیر مقدم کریں گے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا خطے میں روس اہم ملک ہے، افغان مفاہمتی عمل میں روس کا کردار سراہتے ہیں، روس کیساتھ ایوی ایشن، فضائی دفاعی نظام پر بات چیت جاری ہے، ملکی دفاع کیلئے جو کچھ ہوا استعمال کریں گے۔