اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت نے 2اپریل کو ہونے والے کرتارپورراہداری مذاکرات منسوخ کر دیئے، پاکستان نے مذاکرات منسوخ کرنے کا بھارتی اقدام قابل افسوس قرار دے دیا۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ 14 مارچ کو پاک بھارت حکام نے 2 اپریل کو اجلاس پر اتفاق کیا تھا۔
کرتار پور راہداری منصوبے پر مذاکرات سے مودی سرکار نے راہ فرار اختیار کر لی، بھارت نے ایک بار پھر ناقابل اعتبار ہمسائے کا کردار ادا کرتے ہوئے 2 اپریل کو ہونے والے مذاکرات منسوخ کئے ہیں جس پر ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل کا مزید کہنا تھا کہ آخری وقت میں مذاکرات منسوخی سمجھ سے باہر ہے دونوں جانب سے حکام نے 2 اپریل کے اجلاس پر اتفاق کیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے امن پر مبنی اقدامات کو ناکام بنانے کی کوششکرنا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے، کشمیر کا معاملہ بھی بھارت اقوام متحدہ میں خود لے کر گیا تھا لیکن جب کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے متعلق قرارداد منظور ہوئی تو اسے ماننے سے ہی انکار کر دیا اور پاکستان اور کشمیریوں سے دشمنی کی راہ اپنا لی۔