حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے چھاپہ، ن لیگ نے قراردادیں جمع کرا دیں

Last Updated On 05 April,2019 06:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپے کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں چار قراردادیں اور ایک توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا۔

مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی عنیزہ فاطمہ، حنا پرویز بٹ، کنول لیاقت اور رابعہ فاروقی کی جانب سے مذمتی قراردادوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ہے۔ یہ سب کچھ حکومت کی ایما پر کیا جا رہا ہے۔

مذمتی قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ حکومت نیب کے ذریعے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ حکومت ہر سطح پر ناکام ثابت ہو چکی ہے۔ عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ایسے غیر جمہوری اقدام کئے جا رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی عظمیٰ بخاری نے توجہ دلاؤ نوٹس میں موقف اختیار کیا ہے کہ کیا نیب نے چھاپہ مارنے سے پہلے اپوزیشن لیڈر کو اطلاع دی تھی؟ اور کیا نیب نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی توہینِ نہیں کی؟ نیب چھاپے کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا جائے۔