چھاچھرو: (دنیا نیوز) خشک سالی کے شکار تھرپارکر کے دو بڑے گاؤں پینے کے پانی کے شدید بحران کا شکار ہو گئے، فلٹر پلانٹس بھی فنی خرابی کے باعث بند پڑے ہیں، شدید گرمی میں اہل علاقہ نے ہاتھوں میں پانی کے خالی گیلن اٹھاکر احتجاج کیا۔
شدید گرمی اور پانی کی ایک بوند تک نہیں، تھر کے قحط متاثرہ گاؤں اوڈھانی اور رڑیاڑو کی بیس ہزار آبادی پانی کی بوند بوند کیلئے پریشان ہے، گاؤں میں لگے فلٹر پلانٹس بھی فنی خرابی کے باعث بند پڑے ہیں۔ قحط سے متاثرہ لوگوں نے پانی کی دستیابی ممکن بنانے کیلئے گیلن اٹھا کر احتجاج کیا.
شدید گرمی میں بیچارے تھر باسی کنووں کا کڑوا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، آر او پلاٹس چلانے والے آپریٹرز کا کہنا ہے کہ فنی خرابی کے باعث بند ہیں، کمپنی کو بتا دیا ہے مگر نوٹس نہیں لیا جا رہا۔
پانی کی شدید قلت سے قحط متاثرہ گاؤں کے لوگ دن بھر پانی کے حصول کیلئے دربدری کا شکار ہیں، سائيں سرکار کے تھرپارکر کے لوگوں کو میٹھا پانی فراہم کرنے کے دعوے تو بہت ہیں مگر ان بند پڑے آر او پلانٹس کو فعال بنانے کیلئے کب نوٹس لیا جائے گا، کوئی پوچھنے والا نہیں۔