منیجر رمضان شوگر ملز محمد مشتاق 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

Last Updated On 09 April,2019 03:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کے منیجر محمد مشتاق کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

 احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے موقف اختیار کیا کہ ملزم محمد مشتاق رمضان شوگر ملز کا منیجر تھا جو کہ مبینہ طور پر منی لانڈرنگ میں ملوث رہا، ملزم کا اکاؤنٹ اسی بینک میں ہے جس میں سلمان شہباز کا اکاؤنٹ ہے، مشتاق چینی نے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں 50 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز کیں، اس کے علاوہ بھی ان کے اکاؤنٹس سے مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔

نیب نے عدالت کو مزید بتایا کہ محمد مشتاق کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، اس بناء پر ایف آئی اے نے ملزم کو 8 اپریل کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرتے ہوئے نیب کے حوالے کیا۔ نیب کےمطابق مشتاق شریف فیملی کا فرنٹ مین ہے اور حمزہ شہباز کی ماڈل ٹاؤن میں گرفتاری کےموقع پر انڈر گراؤنڈ ہوگیا تھا۔ نیب کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ملزم محمد مشتاق کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔

دوسری جانب ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیکس کا معاملہ ہے تو ریونیو ڈیپارٹمنٹ کارروائی کرے، نیب کو ملزم کو گرفتار کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 23 اپریل تک نیب کے حوالے کر دیا۔