نیلم جہلم پراجیکٹ، بجلی کی پیداوار ایک ہزار میگاواٹ سے تجاوز

Last Updated On 09 April,2019 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ منصوبے سے بجلی کی پیداوار ایک ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر منصوبے سے دو کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

واپڈا ترجمان کے مطابق نیلم جہلم پن بجلی منصوبے سے بجلی کی پیداوار ایک ہزار چالیس میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی ہے۔ اس منصوبے کی پیداوری صلاحیت 969 میگاواٹ ہے۔

ترجمان کے مطابق منصوبے کے چاروں پیداواری یونٹس چلانے کے لئے 280 مکعب میٹر فی سیکنڈ (کیومکس) پانی کا بہاؤ درکار ہوتا ہے جو دریائے نیلم میں ہائی فلو سیزن کی وجہ سے اِن دِنوں دستیاب ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے یونٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہونے سے اب تک نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نیشنل گرڈ کو دو ارب 35 کروڑ یونٹ پن بجلی فراہم کر چکا ہے۔

اس منصوبے سے روزانہ اوسطاً دو کروڑ یونٹ سے زائد بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ توقع ہے کہ رواں سال یہ منصوبہ 4 ارب 60 کروڑ یونٹ بجلی مہیا کرنے کا سالانہ ہدف حاصل کر لے گا۔
 

Advertisement