عوام کیلئے بری خبر، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا

Last Updated On 01 March,2019 04:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مہنگائی کے مارے عوام کے لیے نئی مشکل کھڑی ہو گئی، پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 75 پیسے اضافہ کر دیا گیا جبکہ بجلی 1 روپے 80 پیسے فی یونٹ مہنگی ہو گئی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ مارچ میں ملنے والے بلوں میں ہو گا۔

وزارت خزانہ کے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 75 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 92 روپے 88 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 111 روپے 43 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 77.53 روپے ہو گئی، مٹی کا تیل 86 روپے 31 فی لیٹر ملے گا۔

دوسری جانب ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 80 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے سے صارفین پر 13 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک، لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔ نیپرا کے مطابق پاور پلانٹس فرنس آئل پر چلنے کی وجہ سے بجلی صارفین 6 ارب 70 کروڑ روپے کے ریلیف سے محروم ہوئے۔

خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 44 پیسے، پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 71 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 6 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 12 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی۔
 

Advertisement