اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی کی ترسیلی لائنوں میں ٹرپنگ کے واقعات، نیپرا نے این ٹی ڈی سی کو بجلی کی ترسیل کانظام بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
دستاویز کے مطابق نیپرا کی جانب سے نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے پاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی بجلی کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔
این ٹی ڈی سی بجلی کے ترسیلی نظام میں توسیع کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کی سہ ماہی رپورٹ نیپرا کوفراہم کرے گی۔ نیپرا اتھارٹی کی جانب سے این ٹی ڈی سی سے کہا گیا ہے کہ گرڈ کوڈ کے مطابق سسٹم کی بحالی اور بہتری کے لیے اقدامات کئے جائیں جبکہ خستہ حال گرڈ سٹیشنوں کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ نیپرا بجلی کی ترسیلی لائنوں کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی نگرانی بھی کرے گا۔