اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی کی قیمت میں 41 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ فیصلے سے صارفین پر 3 ارب 80 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا، نرخ میں اضافہ اکتوبر کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔
اسلام آباد میں عوامی سماعت کے دوران نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اکتوبر کے لیے بجلی کے نرخ میں 41 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی منظوری دی۔ فیصلے سے بجلی صارفین پر 3 ارب 80 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
سماعت کے دوران نیپرا نے کوئلے اور ایل این جی پلانٹس کم چلائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین نیپرا نے ریمارکس دیئے کہ اگر گزشتہ ماہ فرنس آئل والے پلانٹس کوئلے پر چلائے جاتے تو نرخ اضافہ کرنے کے بجائے فی یونٹ 59 پیسے کم ہوتا۔ کوئلہ اور ایل این جی پلانٹس چلانے سے صارفین کو زیادہ ریلیف مل سکتا تھا۔
سی پی پی اے نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ ماہ ایل این جی کم ملنے کی وجہ سے یہ پلانٹس نہیں چلائے جاسکے۔ چیئرمین نیپرا نے موقف مسترد کردیا اور کہا کہ ایل این جی کا نہ ملنا پلانٹس نہ چلانے کی کوئی معقول جواز نہیں ہے۔ سی پی پی اے تحریری جواب جمع کرائے کہ پاور پلانٹس کوئلہ یا ایل این جی کے بجائے فرنس آئل پر کیوں چلائے گئے۔