اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام کو بجلی کا جھٹکا لگانے کی تیاری، بجلی ایک روپے 93 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز دیدی گئی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا کو دیدی ہے۔ درخواست جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔
نیپرا 20 فروری کو درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں فرنس آئل سے 22 اور آر ایل این جی سے 14 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ فرنس آئل کے باعث عوام کو بجلی مہنگے داموں دی گئی۔
خیال رہے کہ نیپرا نے رواں ماہ ہی بجلی کی قیمت میں 56 پیسے اضافہ کیا کیا ہے جس سے صارفین پر 4 ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑ چکا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہوا۔
فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 56 پیسے اضافہ کیا گیا تھا جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے مطابق اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک، لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔
نیپرا حکام کے مطابق دسمبر میں کوئلے اور آر ایل این جی سے سستی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کم چلائے گئے، اگر یہ پلانٹ چلائے جاتے تو صارفین کو 5 سے 6 پیسے فی یونٹ بجلی سستی ملتی۔