بی آر ٹی منصوبہ، پیپلز پارٹی کا پرویز خٹک کیخلاف نیب جانے کا اعلان

Last Updated On 10 April,2019 05:31 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف نیب میں جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا نے ریفرنس دائر کرنے کیلئے نیب کو درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر پی پی خیبر پختونخوا ہمایوں خان اور جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی نیب کو درخواست دیں گے۔

نیب کو جمع کرائی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ عوام کیلئے عذاب اور صوبے کے خزانے پر بوجھ بن چکا ہے۔ منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

درخواست کے مطابق بی آر ٹی کے منصوبے میں کمیشن اور کک بیکس کے بھی الزامات سامنے آئے ہیں۔ بی آر ٹی کا ٹھیکہ اقربا پروری کے تحت تمام قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دیا گیا۔

پیپلز پارٹی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرویز خٹک نے بی آر ٹی دیگر میٹرو منصوبوں سے کم قیمت پر بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن چھ ماہ میں مکمل ہونے والا منصوبہ ڈیڑھ برس گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا جبکہ وقت کیساتھ ساتھ منصوبے کی لاگت اربوں روپے بڑھ چکی ہے۔

درخواست میں استدعا کی جائے گی کہ نیب قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کر کے ملزموں کو گرفتار کرے۔ اس حوالے سے تمام حقائق سامنے پڑے ہیں، یہ منصوبہ خود کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر نیب نے کارروائی نہ کی تو پھر دیگر فورمز پر بھی معاملہ اٹھائیں گے۔