کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے کچھی میں پاک فوج نے سیلابی ریلے میں پھنسے ہندو یاتریوں کو ریسکیو کر لیا. صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بپھر گئے جس کے بعد بوستان میں ریلے میں بہہ جانے والے 3 بچوں سمیت 4 افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں بارش کا طوفانی سلسلہ مزید تین روز تک جاری رہے گا۔ کل کراچی میں بادل برسیں گے، آج پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی رم جھم کی پیش گوئی ہے۔
بلوچستان میں بارش کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، ڈیرہ بگٹی سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کوئٹہ، ژوب، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، قلعہ عبداللہ، تربت سمیت دیگر علاقوں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش ہو گی۔ دوسری جانب پاک فوج نے ضلع کچھی میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں پھنسے ہندو یاتریوں کو بچا لیا، گزشتہ روز 150 ہندو یاتری سیلاب میں گھر گئے تھے۔ ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی حصہ لیا۔
بارش کا طوفانی اسپیل تین روز تک جاری رہے گا جس سے سیلابی ریلوں کے مزید بپھرنے کا خدشہ ہے، لوگ تفریحی مقامات کا رخ نہ کریں۔ بوستان میں بہہ جانےوالے 3 بچوں سمیت 4 افراد کی لاشیں کو نکال لی گئیں، گذشتہ روز کچھی کے علاقے میں پھنسے ہندو یاتریوں تک انتظامیہ اور ایف سی پہنچ گئی۔ یاتریوں کو آج محفوظ مقام تک پہنچا دیا جائے گا۔
ادھر بارش کے بعد خانپور ڈیم میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا جس کے باعث ڈیم کے اسپل ویز کھول دئیے گئے، علاقے کے لوگوں کو حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
دوسری طرف لاہور میں رم جھم کے بعد سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے، گرمی کی شدت کم ہے، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، وہاڑی، میاں چنوں، ساہیوال، پاکپتن میں بادل خوب برسے۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کراچی والے بھی تیار رہیں، پیر اور منگل کو برکھا رُت کا سماں ہو گا۔