بولان: (دنیا نیوز) بلوچستان میں بارشوں کے بعد ندی، نالوں میں طغیانی آ گئی، بولان ندی میں پھنسے 6 افراد کو ایف سی نے ریسکیو کر لیا جو 12 گھنٹے سے ندی میں محصور تھے۔
بولان ندی میں پھنسے 6 افراد کو ایف سی نے بذریعہ ہیلی کاپٹر ریسکیو کیا۔ متاثرہ افراد ندی میں اچانک طغیانی کے باعث 12 گھنٹے پھنسے رہے۔ بچائے گئے ایک ہی خاندان کے 6 افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ ڈیرہ بگٹی شہر اور ملحقہ علاقوں کے علاوہ بارکھان اور گردونواح میں بھی بادل برسے ہیں۔
لاہور سمیت جڑوں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسم گرم ہے۔ صادق آباد شہر اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی، بارش سے گرمی اڑن چھو اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
راجن پور کے علاقے نواں شہر میں سیلابی پانی گندم کی فصل میں داخل ہوگیا۔ مقامی افراد کو کمر کمر پانی سے گندم کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں دشواری کا سامنا رہا۔ کندھ کوٹ شہر اور گردونواح میں آندھی اور مٹی کے طوفان نے ہر منظر دھندلا دیا۔