وزیراعلی حکم پر عمل کرانے میں ناکام، دارالصحت ہسپتال سیل نہ کیا جاسکا

Last Updated On 25 April,2019 12:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ کے حکم کے باوجود کراچی کا دارالصحت ہسپتال تو سیل نہ ہوا، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کارروائی کے نام پر او پی ڈی بند کر دی۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے دارالصحت ہسپتال کی او پی ڈی سیل کر دی تاہم ہسپتال کو مکمل طور پر سیل نہیں کیا جا سکا۔ گزشتہ روز وزیراعلی سندھ نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی رپورٹ پر عدم اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے دارالصحت ہسپتال کو سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔ نشوا کے والد بھی دارلصحت کو سیل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دارالصحت میں اس وقت 85 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 7 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوری طور پر مریضوں کو منتقل کرنا ممکن نہیں۔

گزشتہ روز علاقہ مکینوں نے بھی ہسپتال بند کرنے کیلئے احتجاج کیا تھا۔ جبکہ ملازمین اور دیگر خواتین بھی دارالصحت کو سیل کرنے کیخلاف سامنے آگئیں تھیں جس کے بعد دباؤ میں آ کر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم صرف او پی ڈی سیل کر کے چلی گئی تھی۔