کراچی میں انٹر امتحانات: ریاضی کا پرچہ پھر آؤٹ

Last Updated On 25 April,2019 03:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں انٹر امتحانات سال اول کا پرچہ آوٹ ہو گیا، چالیس منٹ پہلے پیپر سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، وزیرتعلیم سندھ نے نوٹس لے لیا۔

شہر میں ایک دن وقفے کے بعد پھر گیارہویں جماعت ریاضی کا پرچہ آوٹ ہوگیا، پرچہ امتحانی مراکز بعد میں پہنچا پہلے نقل مافیا تک پہنچ گیا۔ وقت سے 40 منٹ قبل سوشل میڈیا پر حل شدہ مواد بھی آگیا۔

دسویں روز وز یرتعلیم کو بھی خیال آگیا۔ سردار شاہ نے کابینہ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کو بورڈز کی شکایت کی اور کہا صبح اٹھتا ہوں تو پہلی خبر یہ ملتی ہے کہ آج بھی پرچہ آوٹ ہو گیا۔ انہوں نے پرچہ لیک کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اُدھر ایس ایم آرٹس کالج میں موبائل ساتھ لے جانے والے طلبہ کو امتحانی مرکز سے باہر نکال دیا گیا، طلبہ نے اساتذہ کیخلاف احتجاج کیا۔ ناظم امتحانات کی تبدیلی کے باوجود انٹرامتحانات میں بہتری نہ آسکی۔