علاج کرانا نواز شریف کا حق، معاملے پر سیاست افسوسناک ہے: شہباز شریف

Last Updated On 26 April,2019 12:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے نواز شریف کی صحت کے متعلق پریشانی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، علاج سابق وزیر اعظم کا حق ہے، علاج کے معاملے پر سیاست کرنا افسوس ناک ہے، عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے، انصاف ضرور ملے گا۔

یاد رہے گزشتہ روز نواز شریف نے سپریم کورٹ سے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگ لی، سابق وزیراعظم نے عدالت عظمی کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کی جس کے ساتھ ان کی میڈیکل ہسٹری بھی منسلک کی گئی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا نواز شریف کی نظرثانی درخواست 15 صفحات پر مشتمل ہے، عدالت عظمیٰ نے طبی بنیادوں پر 6 ہفتے کی ضمانت دی، حکم نامے میں کہا گیا نواز شریف بیرون ملک نہیں جاسکتے، برطانیہ علاج کرانے کی پابندی پر نظرثانی کی جائے، نواز شریف کا علاج اسی ڈاکٹر سے ممکن ہے جس نے برطانیہ میں علاج کیا تھا۔

درخواست میں مزید کہا گیا سپریم کورٹ نے کہا تھا ضمانت میں توسیع کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جاسکتا ہے، تحریری حکم نامے میں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا حصہ شامل نہیں، یہ ٹائپنگ کی غلطی ہوسکتی ہے، درست کرنے کا حکم دیا جائے، نواز شریف کی مکمل صحتیابی 6 ہفتوں میں ناممکن ہے، پاکستانی، برطانوی، امریکی اور سوئس طبی ماہرین کے مطابق زندگی کو سنگین خطرات ہیں۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا نواز شریف کو دل اور گردوں کے امراض لاحق ہیں، ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور گردوں کے تیسرے درجے کی بیماری ہے، سپریم کورٹ اپنے 26 مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔