حکومت یقین دلائے کہ سی پیک پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بلاول بھٹو

Last Updated On 26 April,2019 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازع نہ بنائے، یقین دلایا جائے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

 

اسلام آباد میں ن لیگی رہنما مشاہد اللہ خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے قانون کو کالا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سابق صدر پرویز مشرف کا بنایا ہوا ادارہ ہے جسے سیاسی مخالفین کیخلاف بنایا گیا تھا، ہم نیب میں اصلاحات کیلئے حکومت کیساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں۔ نیب میں اصلاحات کیلئے ہم پوری کوشش کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ملک چلانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ صدارتی نظام پاکستان کے لئے نقصان دہ ہوگا اور ہم اس کیخلاف مزاحمت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کو پیپلز پارٹی نے شروع کیا جسے مسلم لیگ ن کی حکومت نے آگے بڑھایا، ہم امید کرتے ہیں کہ عمران خان بھی اسے آگے لے کر جائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو سی پیک منصوبے کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ حکومت یقین دلائے کہ سی پیک پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج ارکان پارلیمنٹ سے بہت سے مسائل پر بات ہوئی جن میں 18ویں ترمیم اور انسانی حقوق کے معاملات بھی شامل تھے۔ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالیں گے۔ جمہوریت کو خطرہ ہوا تو مل کر اس کا دماع کریں گے۔