لاہور میں ٹریفک مسائل حل کرنے کیلئے اہم قدم

Last Updated On 28 April,2019 07:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کینال روڈ پر موٹر سائیکل رکشوں کا داخلہ مکمل بند، مال روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کیلئے علیحدہ لین بنانے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

 

موٹر سائیکل سوار تیار ہو جائیں کیونکہ اب مال روڈ پر مختص شدہ گرین لین کے علاوہ کسی اور لین میں گئے تو جرمانہ بھرنا پڑے گا۔ سیف سٹی اتھارٹی نے مال روڈ پر موٹر سائیکلوں اور بسوں کے لیے علیحدہ گرین لین پر کام شروع کر دیا۔

لین اور لائن کی پابندی ٹریفک مسائل سے بچنے کے لیے انتہائی ضروری ہے اور لاہور جہاں لین اور لائن کو کوئی خاطر میں نہیں لاتا، وہاں اس کی پابندی کروانا مشکل کام تھا۔

سڑک پر ٹریفک مسائل میں کمی اور شہریوں اور ٹریفک وارڈنز میں جھگڑوں کو کم کرنے کے لیے نیا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر مال روڈ اور کنال روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کے لیے علیحدہ گرین لین بنائی جا رہی ہے۔

موٹر سائیکل سوار صرف اس ہی لین میں سفر کرنے کے پابند ہونگے اور اگر کسی نے کی اس کی خلاف ورزی تو چالان ان کا منتظر ہوگا۔ شہری اس منصوبے کو بہتری کی جانب ایک قدم گردانتے ہیں۔

مال روڈ پر گرین لین بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور جلد ہی کنال روڈ پر بھی اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ سیف سٹی حکام کے مطابق گرین لین پر موٹر سائیکلیں اور بسیں سفر کریں گی اور سیف سٹی کیمروں اور ٹریفک وارڈنز کے ذریعے اس پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔