کراچی میں تالا توڑ افغانی گینگ گرفتار، فائرنگ سے ایک شخص زخمی

Last Updated On 28 April,2019 05:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ملیر کینٹ اور کینٹ سٹیشن کے قریب پولیس کا کومبنگ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، کھارادر پولیس نے تالا توڑ افغانی گینگ کو گرفتار کرلیا، شارع فیصل پر تیز رفتار کار الٹنے سے تین افراد زخمی ہوئے، بلدیہ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔

پولیس نے ملیرکینٹ میں راشدی گوٹھ اور بلاول جوکھیو گوٹھ میں کومبنگ آپریشن کیا جس کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستے سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی، پولیس کے مطابق آپریشن مشکوک اور مشتبہ افراد کی موجود گی کی اطلاع پر کیا گیا جس میں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آئی ٹی ٹیم اور خواتین اہلکار بھی شامل تھے۔ کینٹ سٹیشن کے اطراف بھی پولیس نے سرچ آپریشن کرتے 10 مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا گیا جنکی تفتیش کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب کھارادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دکان لوٹنے والے افغانی گینگ کے تین کارندے گرفتار کر لیے جن کے قبضے سے لوٹے گئے قیمتی موبائل فون اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق موبائل فون کی مالیت چھہ لاکھ سے زائد ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، بلدیہ نمبر 7 کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ادھر شارع فیصل، ریجنٹ پلازہ کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔