احتساب عدالت نے عاصمہ عالمگیر کو عمرہ پر جانے کی اجازت دیدی

Last Updated On 29 April,2019 05:50 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عاصمہ عالمگیر کو عمرہ پر جانے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی۔

سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر پشاور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت میں استغاثہ کے دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ اگلی سماعت پر مزید گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت ستائیس مئی تک ملتوی کر دی ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عاصمہ عالمگیر کا کہنا تھا کہ عدالت کا شکریہ ادا کرتی ہوں، پاکستان میں آزاد عدالتیں موجود ہیں۔ ہائیکورٹ نے میرا نام ای سی ایل سے نکال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دو سو سال پرانی جائیداد کی باتیں ہو رہی ہے۔ ہیلی کاپٹر کا کیس کہاں گیا؟ کیا وزیراعظم اس ملک کے شہری نہیں ہیں۔ چار سال قبل نیب کو اپنی جائیداد کا تمام ریکارڈ فراہم کیا ہے۔