اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذکرات کا آغاز ہو گیا ہے جس میں ٹیکس اصلاحات اور آمدن بڑھانے کی تجاویز پر غور ہو گا، ٹیکس حکام وفد کو اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے بھی آگاہ کریں گے۔
پاکستان کے آئی ایم ایف سے مالیاتی قرض کے لیے مذکرات کا آغاز ہوگیا ، آئی ایم ایف مشن کی سربراہی ارنستو ریگو کررہی ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت سیکرٹری وزارت خزانہ کر رہے ہیں ۔ آئی ایم ایف کے ساتھ پہلے مرحلے میں تکنیکی سطح کے مذکرات ہوں گے جن میں ٹیکس اصلاحات اور آمدن بڑھانے کی تجاویز پر غور ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے ٹیکس اصلاحات اور توانائی کے شعبہ کے لیے تجاویز تیار کرلی ہیں، آئی ایم ایف مشن پہلے مرحلے میں ایف بی آر کے ساتھ بھی ملاقات کرے گا جس میں ٹیکس حکام آئی ایم ایف وفد کو اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے بھی آگاہ کریں گے۔ آئی ایم ایف وفد وزارت توانائی کے حکام سے بھی مذکرات کرے گا۔