اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان وزارت خزانہ خاقان نجیب کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے معاشی فریم ورک کی تیاری آخری مراحل میں ہے، وفد سے معاونت کے پروگرام پر تکنیکی بات چیت ہوگی۔
ترجمان وزارت خزانہ خاقان نجیب نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کا وفد 29 اپریل کو پاکستان کا دورہ شروع کرے گا۔ آئی ایم ایف وفد سے معاونت کے پروگرام پر تکنیکی بات چیت ہوگی۔
خاقان نجیب نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے معاشی فریم ورک تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں متعلقہ ادارے اور محکمے حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک اور نجکاری کے حکام سے ملاقات ہوگی۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ٹیکس حکام بھی شریک ہوں گے۔ آئی ایم ایف کو سماجی شعبے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بریفنگ دی جائے گی۔