واشنگٹن: (دنیا نیوز) اسد عمر نے امریکا میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، گورنر سٹیٹ بینک، خزانہ اور اقتصادی امور کے سیکرٹریز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے موسم بہار کے اجلاس میں شریک ہوئے، اسد عمر نے ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس کو پاکستانی کی مائکرو اکنامک صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان جاری منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ عالمی بینک کے صدر نے پاکستان میں جاری اصلاحات کے عمل کو سراہا، عالمی بینک کے صدر کی پاکستان کو معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
اسدعمر نے آئی ایم ایف کی پہلی ڈپٹی مینجمنٹ ڈائریکٹر ڈیوڈ لپٹن سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات پر گفتگو کی گئی۔ وزیر خزانہ نے امریکا پاکستان بزنس کونسل کے ممبران سے بھی ملاقات کی۔ مختلف کمپنیوں نے پاکستان میں کام کرنے کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ کمپنیوں کے حکام نے پاکستان میں اپنے مستقبل کے منصوبوں اور ان پر پاکستان کی مدد پر گفتگو کی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا پاکستان کاروبار کرنے والوں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان اصلاحاتی عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔